نئی دہلی،14؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسوں نے ریاستی حکومتوں کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے- ہر طرف سے اقدامات کے باوجود بہت سی ریاستوں میں صورتحال قابو سے باہر ہو رہی ہے- ڈیڑھ ماہ کے بعد ملک میں 24 ہزار سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں - مہاراشٹر، پنجاب، کیرلا، گجرات، تمل ناڈو اور کرناٹک میں سب سے زیادہ کیس ہیں - دارالحکومت دہلی میں بھی نئے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے- اسی کے ساتھ ہی پنجاب میں ایک بار پھر اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-
مہاراشٹر میں کورونا بے قابو ہے- کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے اورنگ آباد، ناگپور، پربھنی اور پونے میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے- گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں 15 ہزار سے زیادہ نئے کیس پائے گئے ہیں - اورنگ آباد میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر ہفتے کے آخر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے- لاک ڈاؤن ناگپور میں 15 سے 21 مارچ تک جاری رہے گا- نجی دفاتر اس دوران بند رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر 25 فیصد ملازمین کے ساتھ کھلیں گے- ضروری سامان کی دکانیں کھلی رہیں گی- لاک ڈاؤن سے پہلے بازاروں میں لوگوں جم غفیر دکھائی دے رہی ہے-پنجاب میں بھی کورونا کیس بڑھ رہے ہیں - بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ریاست میں ایک بار پھر اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے- یہ حکم آج یعنی13 مارچ سے نافذ ہوگا- اس دوران 12 ویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے-
دوسری جانب آٹھ اضلاع میں لدھیانہ، پٹیالہ، موہالی اور فتح گڑھ صاحب میں نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے- یہ کرفیو رات11 بجے سے صبح پانچ بجے تک نافذ رہے گا-دارالحکومت دہلی میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے- گزشتہ24 گھنٹوں میں 431 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں - اس سے قبل ایک دن میں 409 کیس موصول ہوئے تھے- جمعہ کے روز دہلی میں جنوبی افریقہ کے کورونا وائرس کا ایک مشتبہ مریض ملا- مریض کا علاج لوکنائک اسپتال میں جاری ہے-
کیرلا سے تعلق رکھنے والا 35 سالہ مشتبہ مریض بدھ کے روز جنوبی افریقہ سے واپس آیا تھا-